ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ملکی خبریں / کانگریس کے ساتھ اتحاد پر فیصلہ ایک دو دن میں متوقع :اکھلیش

کانگریس کے ساتھ اتحاد پر فیصلہ ایک دو دن میں متوقع :اکھلیش

Wed, 18 Jan 2017 11:09:48  SO Admin   S.O. News Service

لکھنؤ، 17؍جنوری(ایس اونیوز/آئی این ایس انڈیا )اتر پردیش کے وزیر اعلی اور سماج وادی پارٹی کے صدر اکھلیش یادو نے آج کہا کہ وہ ہمیشہ اپنے والد اور ایس پی کے بانی ملائم سنگھ یادو کے ساتھ مل کر چلیں گے اور کانگریس کے ساتھ اتحاد پر ایک دو دن میں فیصلہ لے لیا جائے گا۔الیکشن کمیشن کے سامنے’سائیکل‘کی جنگ میں ملی جیت کے بعد اکھلیش نے مبارکباد دینے والے وزراء ، ممبران اسمبلی اور حامیوں کے درمیان نامہ نگاروں سے غیر رسمی بات چیت میں کہا کہ انہیں ایس پی کا سرکاری انتخابی نشان ’سائیکل‘ملنے کا یقین تھا۔انہوں نے کہا کہ اب ان کے سامنے اسمبلی انتخابات جیتنے کا چیلنج ہے، وہ کل رات اپنے والد ملائم سنگھ سے آشیرواد لینے گئے تھے، وہ ہمیشہ انہیں ساتھ لے کر چلیں گے، یہ رشتہ اٹوٹ ہے، اگلا الیکشن ان کی رہنمائی میں لڑا جائے گا۔اکھلیش یادو نے کہا کہ اب مجھ پر بڑی ذمہ داری ہے، اس کے لیے تمام پارٹی لیڈروں اور کارکنوں کا تعاون چاہیے۔وزیر اعلی نے کانگریس کے ساتھ اتحاد کے امکان کے سوال پر کہا کہ اس اتحاد پر فیصلہ ایک دو دن میں لے لیا جائے گا، اس بارے میں باضابطہ اعلان لکھنؤ میں کیا جائے گا۔کانگریس نائب صدر راہل گاندھی کے ساتھ اسٹیج شیئر کرنے کے سوال پر اکھلیش نے کہا کہ ابھی اس کے لیے انتظار کرنا ہوگا۔غورطلب ہے کہ وزیر اعلی کانگریس کے ساتھ اتحاد کی حمایت بار بار کرتے رہے ہیں، ان کا کہنا ہے کہ ویسے تو ایس پی اپنے طور پر حکومت بنانے کے قابل اکثریت حاصل کر لے گی، لیکن اگر کانگریس کا ساتھ ملا تو وہ 403میں سے300سے زیادہ نشستیں جیت لے گی۔


Share: